بنگلور:7/جنوری(سیاست نیوز)کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے پیشین گوئی کی ہے کہ فروری کے دوران ہونے والے پانچ ریاستوں کے انتخابات میں بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑے گی۔ووٹرس ان انتخابات میں بی جے پی کو یقینا مسترد کردیں گے اور کانگریس پارٹی ان ریاستوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ مرکزی حکومت کی طرف سے یک طرفہ طور پر لاگو کی گئی نوٹ بندی کا بہت گہرا اثر ان انتخابات پر مرتب ہوگا۔ نوٹ بندی کے سبب آج بھی ملک کے عوام اپنا ہی پیسہ بینکوں سے نکالنے کیلئے ترسنے پر مجبور ہیں۔اب مرکزی حکومت سے انتقام لینے کا موقع عوام کے ہاتھ لگا ہے، وہ اس موقع کو ہرگز ہاتھ سے جانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی اس نوٹ بندی کے سبب بے شمار افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں، کئی کارخانے بند ہوگئے ہیں، بڑے شہروں میں کام نہ ہونے کے سبب لوگ اپنے دیہاتوں کا رخ کرنے لگے ہیں اور دیہاتوں میں صورتحال اس سے بھی بدتر ہے۔ ملک کے عوام نوٹ بندی سے جس قدر ناراض ہیں اس کا مظاہرہ 11/ مارچ کو پانچ ریاستوں کے ووٹوں کی گنتی کے مرحلے میں ضرورہوگا۔ شہر بنگلور میں سال نو کے موقع پر اور اس کے بعد لڑکیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ان کی عصمت پر ہاتھ ڈالنے کی مبینہ کوششوں کی ملیکارجن کھرگے نے سخت مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مناسب قدم اٹھائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ اب تک لوگوں میں یہی تاثر قائم ہے کہ شہر بنگلور ملک کا محفوظ ترین شہر ہے، کسی بھی حال میں اس ساکھ کو برباد ہونے نہ دیا جائے۔